سیرتِ النبی قسط (34)

السَّـــــــلاَمُ عَلَيــْــكُم وَرَحْمَةُ اللهِ وَبَرَكـَـاتُه

سیرت النبی ﷺ لمحہ بہ لمحہ

قسط نمبر :- 34

بعض روایات کے مطابق جو تحقیق کے رو سے مجموعی طور پر ثابت اور مستند ہیں , جب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عمر بارہ برس اور تفصیلی قول کے مطابق بارہ برس دومہینے دس دن کی ہوگئی تو ابوطالب آپ کو ساتھ لے کر تجارت کے لیے ملک شام کے سفر نکلے.. حضرت ابوطالب کا تجارتی قافلہ سرزمین شام میں بصری' شہر کی اہم تجارتی منڈی کے قریب پہنچا تو وھاں پڑاؤ ڈال دیا.. بصریٰ ملک شام کا ایک مقام اور حوران کا مرکزی شہر ہے.. اس وقت یہ جزیرۃ العرب کے رومی مقبوضات کا دار الحکومت تھا..

وھیں قریب ھی ایک صومعہ (گرجا) تھا جس میں "جرجیس" نامی ایک عیسائی عبادت گزار راھب رھتا تھا جو " بحیرہ راھب " کے نام سے مشھور تھا.. اھل تحقیق کے نزدیک بحیرا راھب موحد تھا , مشرک یا بت پرست نہ تھا.. وہ تمام آسمانی کتابوں کا عالم اور نبی آخرالزماں کی جو علامات آسمانی کتابوں میں مذکور تھیں , ان سے بخوبی واقف تھا..

اس سے پہلے بھی بارھا اس کے صومعہ (گرجا) پاس سے تجارتی قافلے گزرتے رھے تھے مگر بحیرا کبھی کسی کی طرف ملتفت نہ ھوا تھا لیکن جب اس بار حضرت ابوطالب کا کاروان تجارت اس کے گرجا کے پاس اترا تو اس راہب نے اپنی خانقاہ میں سے دیکھا کہ قافلہ والوں میں سے ایک نوجوان پر ابر سایہ کئے ہوئے ہے.. بحیرا راہب اپنی بصیرت سے پہچان گیا کہ یہ نوجوان خصوصی اہمیت کا حامل ہے..

بحیرا راھب خلاف معمول اپنی عبادت گاہ سے باھر نکل آیا اور متجسسانہ نظروں سے ایک ایک کو دیکھنے لگا.. پھر جیسے ھی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پاس آیا تو دیکھتے ھی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ھاتھ پکڑ لیا اور پکار اٹھا..

"یہی ھے سردار دوجہانوں کا.. یہی ھے رسول پروردگار عالم کا جس کو اللہ جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجے گا.."

حضرت ابوطالب نے کہا.. "آپ کو یہ کیسے معلوم ہوا..؟"

بحیرا راھب نے بتایا.. "جب آپ سب لوگ پہاڑ کی گھاٹی سے نکلے تو اس وقت میں اپنی عبادت گاہ سے آپ سب کی طرف دیکھ رھا تھا.. میں نے دیکھا کہ اس نوجوان پر ابر سایہ کئے ہوئے ہے.. پھر میں نے دیکھا کہ کوئی شجر و حجر ایسا نہ تھا جس نے سجدہ نہ کیا ھو اور شجر و حجر نبی کے علاوہ کسی اور انسان کو سجدہ (تعظیم) نہیں کرتے ھیں.. اس کے علاوہ میں آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو مہرنبوت کی وجہ سے بھی پہچان چکا ھوں جو آپ کے کندھے کے نیچے کری (نرم ہڈی) کے پاس ھے اور ھم انہیں اپنی کتابوں میں بھی پاتے ھیں.."

راھب یہ کہ کر واپس ھوگیا اور بصد اشتیاق تمام قافلہ کے لیے کھانا تیار کرایا.. جب کھانا تیار ھوا تو سب کھانے کے لیے حاضر ھوۓ مگر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم موجود نہ تھے.. راھب کے دریافت کرنے پر معلوم ھوا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنے اونٹ چرانے آس پاس نکل گئے ھیں.. ایک آدمی بھیج کر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بلایا گیا.. سب لوگ جس درخت کے نیچے بیٹھے ھوۓ تھے وھاں کوئی سایہ دار جگہ آپ کے لیے بچی ھوئی نہ تھی.. سایہ دار جگہ نہ ملنے کی وجہ سے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دھوپ میں ھی بیٹھ گۓ تو درخت کی شاخیں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر جھک گئیں.. بحیرہ ان سارے معاملات کو بڑی گہری نظر سے دیکھ رھا تھا..

اس نے حضرت ابوطالب سے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے رشتہ کے بارے میں دریافت کیا تو انہوں نے کہا کہ یہ میرا بیٹا ہے لیکن راہب نے کہا کہ اس کے علم کے مطابق اس لڑکے کا باپ زندہ نہیں ہے.. حضرت ابو طالب نے کہا کہ حقیقت میں ان کے باپ زندہ نہیں ہیں..

اس کے بعد بحیرا راہب نے حضرت ابوطالب سے کہا.. "آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) میں وہ تمام نشانیاں موجود ھیں جو آسمانی کتابوں میں اللہ کے آخری نبی کے متعلق بتائی گئی ھیں.. اگر شام کے یہود و نصاری' نے آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) میں یہ نشانیاں پہچان لیں تو مجھے ڈر ھے کہ کہیں وہ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی جان کو نقصان نہ پہنچا دیں.."

چنانچہ بحیرہ کے مشورہ پر حضرت ابوطالب نے بعض غلاموں کی معیت میں آپ کو مکہ واپس بھیج دیا.. اس کے بعد حضرت ابوطالب پھر کبھی شام کے سفر میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ساتھ نہیں لے گئے مبادا کہیں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو کوئی نقصان نہ پہنچے.. اسی سال حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی ولادت ہوئی..

نوٹ.. نیچے جس درخت کی تصویر دی گئی ھے , کہتے ھیں کہ یہ وھی درخت ھے جس کے نیچے بحیرہ راھب نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اور قافلہ قریش کو کھانا کھلایا تھا.. اسے "صحابی درخت" کہا جاتا ھے اور یہ آج بھی موجود ھے.. واللہ اعلم..

( جاری ہے )

ریفرنس بُکس

- سیرت النبی.. مولانا شبلی نعمانی..
- سیرت المصطفیٰ.. مولانا محمد ادریس کاندہلوی..
- الرحیق المختوم اردو.. مولانا صفی الرحمن مبارکپوری..
- تاریخ ابن کثیر ( البدایہ والنھایہ )

Disqus Shortname

designcart